واشنگٹن،19/جنوری (آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے سبکدوش ہونے والے صدر براک اوباما نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے والی شراکت داری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کرکے ان کا شکریہ ادا کیاہے۔دونوں لیڈروں کے درمیان فون پر ہوئی بات چیت کی تفصیلات کے مطابق، اوباما نے شراکت داری کے لیے شکریہ ادا کرنے نیز دفاعی، غیر فوجی جوہری توانائی اور لوگوں کے درمیان باہمی ربط بڑھانے سمیت تعاون کی مشترکہ کوششوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے کل مودی سے فون پر بات چیت کی۔وہائٹ ہاؤس نے کہاکہ اوباما نے 2015میں ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی یاد تازہ کی اور وزیر اعظم کو ہندوستان کے آئندہ یوم جمہوریہ کی 68ویں سالگرہ سے پہلے مبارک باد دی۔ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ دونوں لیڈروں نے ہندوستان کو امریکہ کے ایک بڑے دفاعی اتحادی کے طور پر تسلیم کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے سمیت مشترکہ اقتصادی اور سیکورٹی ترجیحات پر ہوئی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔مودی کے مئی 2014میں لوک سبھا الیکشن میں جیت حاصل کرنے کے بعد اوباما انہیں سب سے پہلے مبارک باد دینے والے لیڈروں میں شامل تھے اور انہوں نے انہیں فوری طورپر وہائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔دونوں لیڈروں نے ستمبر 2014میں وہائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی، اس کے بعد نے انہوں نے 8 باردوطرفہ ملاقات کی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔